اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران کے خطیب نماز جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے رہبر انقلاب اسلامی کے اس بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ گروپ پانچ جمع ایک کے رکن ممالک اور ان میں سرفہرست امریکہ کو مذاکرات میں سودے بازی کی عادت ہے، کہا کہ ایٹمی معاہدہ ایک ہی مرحلے میں انجام پانا چاہیے اور اس کی بنیاد پر ایران کے خلاف تمام پابندیاں ختم ہونی چاہییں- حجت الاسلام کاظم صدیقی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بارہا اسلامی جمہوریہ ایران کے اس موقف کو بیان کیا ہے کہ ایران مذاکرات میں توہین، شرطیں مسلط کرنے اور پابندیاں جاری رہنے کو قبول نہیں کرے گا- انھوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مغرب کو ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں میں مداخلت کا حق نہیں ہے، کہا کہ دشمن مذاکرات کو طول دے کر ملت ایران کی علمی و سائنسی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں-
حجت الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے اسی طرح ملت ایران کے خلاف دشمنوں کی سازشوں اور پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان سازشوں کو ناکام بنانے کا راستہ مختلف شعبوں میں خودکفیل ہونے کی غرض سے استقامتی اقتصاد کے نظریے کو عملی جامہ پہنانا ہے- تہران کےخطیب جمعہ نے اسی کے ساتھ مسئلہ فلسطین کے بارے میں کہا کہ فلسطین ساٹھ سال سے زائد عرصے سے صیہونی حکومت کے قبضے میں ہے اور یہ ناجائز حکومت بدستور ملت فلسطین پر ظلم اور فلسطینی بچوں کو قتل کر رہی ہے اور ان کے مقدسات اور مسلمانوں کے قبلہ اول یعنی مسجد الاقصی پرحملے کرتی ہے-
تہران کے خطیب نماز جمعہ نے یمنی عوام کے انقلاب کے بارے میں کہا کہ اس ملک کا انقلاب ایک عوامی انقلاب ہےجو دشمنوں کی سازشوں سے ناکام نہیں ہو گا کیونکہ یمن کے عوام اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق حکومت تشکیل دینا چاہتےہیں -
حجت الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے آل خلیفہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کے عوام کے خلاف شاہی حکومت کے ظلم اور گرفتاریوں کا سلسلہ زیادہ دیر جاری نہیں رہ سکتا کیونکہ ملت بحرین چاہتی ہے کہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کر ے -
.......
/169